کوئز مقابلے حافظ نسیم کا کارنامہ ہے،ڈاکٹرعبدالباری

215

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) دختر مشرق جرأت، تدبر اور عزم کی بے نظیر مثال تھیں۔ انہیں ایک ذہین، برجستہ گو ، پرکشش، باصلاحیت، حوصلہ مند، بہادر اور زیرک خاتون سیاسی رہنما کے طور پر تادیر یاد رکھا جائے گا۔ PQSکے تحت کوئز مقابلے تعلیمی اداروں میں منعقد کرکے حافظ نسیم الدین بہت بڑا کام کر رہے ہیں۔ ان مقابلوں میں مسلسل شریک ہونے والے طلبہ کی معلومات میں اضافے سے نہ صرف ان کی ذہنی سطح بلند ہوتی ہے بلکہ مستقبل میں ہر سطح پر کامیابیوں کے دروازے کھلتے چلے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریجنل ڈائریکٹر کالجزکراچی پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالباری اندر نے گزشتہ روز پاکستان کوئز سوسائٹی (PQS) رجسٹرڈ کے زیر اہتمام ’’بے نظیر بھٹو کوئز رننگ ٹرافی‘‘کے لیے منعقدہ بین الکلیاتی و جامعاتی مقابلہ معلومات کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر PQSرجسٹرڈ کے بانی چیئرمین حافظ نسیم الدین، گورنمنٹ کالج برائے خواتین سعود آباد کی پرنسپل پروفیسر ماجدہ ترین، پروفیسر زاہد احمد، ممتاز فاطمہ، عنبرین لیاقت، ڈاکٹر نور فاطمہ اور منصفین کرام ، طاہرہ بانو، رخسانہ فیروز اور سائرہ خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔منصفین کرام کے متفقہ فیصلے کے مطابق بے نظیر بھٹو کوئز رننگ ٹرافی ایک سال کے لیے سعود آباد گرلز کالج کے حصے میں آئی۔