وفاق نے اے ٹی ایمز کو نوازنے کیلیے صحت کارڈ جاری کیا،مرتضیٰ وہاب

101

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے اپنے اے ٹی ایمز کو نوازنے کے لیے صحت کارڑز کا اجرا کیا،عام پاکستانی مہنگائی کے حوالے سے شدید کشمکش کا شکار ہے ۔ بدھ کے روز سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت گرمی میں بجلی اور سردیوں میں گیس نہیں دیتی، منی بجٹ پاس ہوتے ہی بجلی اور پٹرول سمیت ادویات کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں ، ادویات اور خام مال درآمد کرنے کے باعث فارما کمپنیاں صارفین سے رقم وصول کریں گی ، انہوں نے کہا کہ عمران خود کو ماحولیات کا چیمپئن کہتے ہیں حالانکہ سندھ سمیت پورے ملک میں بجلی اور گیس کے مسائل ہیں اور زراعت سمیت ہر شعبے میں موجودہ حکومت نے عوام کا استحصال کیا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ ہورہا ہے ،صوبے میں مجموعی طور پر 24گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کا تناسب ایک فیصد سے بڑھ کر 19 فیصد ہوگیا ہے، کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا تناسب 39فیصد تک پہنچ گیا ہے،شہری لازمی ویکسی نیشن کرائیںاور ماسک پہنیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ 24 جنوری سے ان ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی۔