جامعہ کراچی نے مختلف شعبہ جات کی فیس میں ہو شربا اضافہ کردیا

152

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نجی جامعات کی طرح سرکاری جامعہ نے بھی مختلف شعبہ جات میں فیسوں کی مد میں ہو شربا اضافہ کردیا ہے۔ جامعہ کراچی میں گزشتہ 10 سال میں آرٹس فیکلٹی کے شعبہ جات کی فیس میں621 فیصد اضافہ کیا گیا، وژیول اسٹڈیز کی فیسوں میں 96 فیصد،بزنس ایڈمنسٹریشن کی فیسوں میں 184 فیصد جبکہ کمپیوٹر سائنس کی فیسوں میں 302 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔ جامعہ کراچی کے پروفیسرز نے انکشاف کیا ہے کہ جامعہ کراچی انتظامیہ ہر سال فیسوں میں اضافے کی اکیڈمک کونسل سے منظوی نہیں لیتی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے فیسوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے۔ جامعہ کراچی میں زیر تعلیم طلبہ کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی انتظامیہ ہر سال فیسوں میں کم از کم 10 فیصد اضافہ کرتی ہے، جس کے سبب جامعہ کراچی انتظامیہ کا فیسوں میں ہر سال اضافے سے ہزاروں طلبہ پر تعلیم کے دروازے بند ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ زیر تعلیم طلبہ کا کہنا ہے کہ فیسوں میں اضافے کے باوجود سہولیات نہ ہونے کے برابر ہے،ہر سال اضافے کے ساتھ فیس کی ادائیگی ممکن نہیں ہے جبکہ کلاسز میں فرنیچر تک خستہ حال ہے اور پینے کا پانی، واش روم جیسی سہولت سے بھی محروم ہے۔ واضح رہے کہ آرٹس اور سوشل سائنسز فیکلٹی کے شعبہ جات کی فیس 22ہزار،شعبہ جرمیات کی فیس 37500، شعبہ وژیول اسٹڈیز اور کمپیوٹر سائنس کی فیس 55 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔