جماعت اسلامی مہنگائی اور سود کیخلاف 101 دھرنے دے گی،امیرالعظیم

197

لاہور(نمائندہ جسارت)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے کہا ہے کہ حکومت کی غریب مکاؤ پالیسیوں، سودی معیشت کے خلاف 101 دھرنوں کے شیڈول کا اعلان رواں ہفتے کردیا جائے گا۔ تمام بڑے چھوٹے شہروں میں احتجاج ہوگا۔ حکومت نے ظلم کی انتہا کردی، منی بجٹ واپس لیا جائے۔ گورنر اسٹیٹ بینک وائسرائے کا کردار ادا کررہا ہے۔ ملک آئی ایم ایف کا اصطبل بن گیا۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ آئندہ نسلوں کو یہی فرسودہ نظام دینا ہے یا اس خواب کو حقیقت میں بدلنا ہے جس کی خاطر اسلامیان برصغیر نے قربانیاں دیں۔ جماعت اسلامی گوادر اور کراچی کے عوام کی آواز بن گئی۔ اسٹیٹس کو پارٹیاں بری طرح ایکسپوز ہوگئیں۔ پرامن جمہوری جدوجہد سے ملک میں اسلامی انقلاب برپا کریں گے۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے اہل وطن سے اپیل کی ہے کہ وہ جماعت اسلامی کے دھرنوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ، سودی معیشت، مہنگائی، بے روزگاری اور گورنرا سٹیٹ بینک کے خلاف 100دھرنے دیے جائیں گے، 101 واں دھرنا فائنل اور اسلام آباد میں ہوگا۔ حکمرانوں کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ عوام کو ریلیف دیں یا گھر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں، تینوں نے حکمرانی کے مزے لوٹے اور ملک کو برباد کیا، پی ٹی آئی نااہل ترین ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی منزل قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ ہے۔