سال 2021 :عمرکوٹ میں خودکشی کی خطرناک تعداد سامنے آگئی، 96افراد نے اپنے ہاتھوں سے اپنی جان لے لی

236

سندھ کے ضلع عمرکوٹ میں گزشتہ سال 40 خواتین سمیت 96افراد نے اپنے ہاتھوں سے اپنی جان لے لی، اپنی ہی زندگی کا خاتمہ کرنے والوں کی اکثریت شادی شدہ تھی۔ایک غیرسرکاری تنظیم کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال سامنے آنے والے خودکشی کے 96 واقعات میں 40 خواتین بھی شامل ہیں، اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والوں کی بڑی اکثریت شادی شدہ تھی۔ این جی او کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا کا غلط استعمال اور کم عمری کی شادیاں اس صورتحال کی بڑی وجہ کے طور پر سامنے آئی ہیں۔این جی او کے محقق سردار بھایو کے مطابق سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے لوگوں کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، بہت سارے بچے جنہوں نے خودکشیاں کی ہیں انہوں نے خطوط بھی لکھے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بچے بچیوں کی شادیاں  ان کی پسند کے خلاف ہو رہی ہیں، کمسن عمر میں شادیاں بھی خودکشی کا ایک سبب ہے۔رپورٹ کے مطابق خودکشی کے بہت سے واقعات رپورٹ ہی نہیں ہوتے، ورثا بدنامی کے خوف سے معاملے کو چھپانے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ پولیس حکام کہتے ہیں کہ ایسے واقعات میں ان کی زیادہ توجہ قتل کے امکانات پر ہوتی ہے۔