آئین وقانون کی حکمرانی حکومت کی اولین ترجیح ہے

152

 لاہور : گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ آئین وقانون کی حکمرانی حکومت کی اولین ترجیح ہے جوڈیشری ریفارمز پر اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے ۔انصاف کی فر اہمی میں وکلا ء کا بھی اہم کردار ہے ۔تحر یک انصاف کی حکومت اداروں میں اصلاحات کیلئے جو اقدامات کر رہی ہے ماضی میں ان کی کوئی اور مثال نہیں ملتی ۔مضبوط اور خوشحال پاکستان ہماری حکومت کی اولین تر جیح ہے۔ وہ گور نر ہاس لاہورمیں سانگلہ ہل بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی تقر یب حلف برداری سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقعہ پرصدر سانگلہ ہل بارایسوسی ایشن عرفات ذوالفقار، نائب صدر طارق محمود پنوں،سیکرٹری عامر حسین کالوںاور سینئر ممبر میاں حامد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے وکلا ء کی تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیںکہ جن معاشروں میں انصاف نہیں ہوتا وہ کبھی ترقی نہیں کرتے۔

اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی مضبوطی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سب سے پہلے آئین وقانون کی حکمرانی لازم ہوتی ہے اور موجودہ حکومت پہلے دن سے ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی قائم کر نے کی پالیسی پر گامز ن ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اداروں کو سیاست سے مکمل طور پر پاک کر کے شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا چاہتے ہیں جس سے یقینی طور پر پاکستان مزید آگے بڑ ھے گا۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ جوڈیشری ریفارمز پر تحر یک انصاف کی حکومت کام کر رہی ہے اور ہم اپوزیشن جماعتوں کو بھی اس معاملے میں ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں مگر بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں کسی بھی شعبے میں ریفار مز کے لیے حکومت کے ساتھ کام کرنے میں سنجیدہ نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر اپوزیشن جماعتوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک وقوم کے مفادات کے لیے قانون سازی میں حکومت کو سپورٹ کر یں تاکہ ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنا سکیں۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ تحریک انصاف جب اقتدارمیں آئی تو پاکستان کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کی باتیں ہو رہی تھیں مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کورونا کے بدتر ین بحران کے باوجود ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور آج عالمی ادارے بھی پاکستانی حکومت کے معاشی شعبے میں کیے جانیوالے اقدامات کو سراہتے ہیں۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ملک میں قبل ازوقت انتخابات کا کوئی امکان نہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اور اتحادی ایک پیج پر ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کواپوزیشن کے کسی احتجاج سے پہلے کوئی خطر ہ رہا ہے اور نہ ہی اب ہے بلکہ ملک میں انشاء اللہ عام انتخابات شیڈول کے مطابق اپنے وقت پر ہی ہوں گے اور ملک میں جمہوریت مزید مضبوط ہوگی۔