27فروری کو لانگ مارچ میں ایک سونامی اسلام آباد کا رخ کرے گا

351

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر وممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ27فروری کو لانگ مارچ میں ایک سونامی اسلام آباد کا رخ کرے گا اور کراچی سے اسلام آباد تک عوام کا سمندر ہو گا۔

لانگ مارچ کی قیادت بانی چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی عظیم لیڈر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے لخت جگر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے اور مخصوص ایجنڈے پر عمل پیرا غریب دشمن حکومت سے عوام کو نجات دلا کر ملک اور قوم کے میسحا اور نجات دہندہ ثابت ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ ایشوز پر سیاست کرتی ہے اور لانگ مارچ مہنگائی کے خلاف شروع ہونے والے احتجاج کا تسلسل ہے اور عوام کو ریلیف ملنے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ میں حکومت کی جانب سے کوئی رکاؤٹ ڈالنے کی کوششیں کی گئی تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی ہم نے ہمیشہ آئین وقانون کی پاسداری کی ہے اور آئین وقانون کے دائرے میں جدوجہد جاری رکھیں گے

انہوں نے کہا کہ حکومت ہٹانے کیلئے عدم اعتماد کی تجویز چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیش کی تھی جس سے اب پی ڈی ایم اے نے بھی اتفاق کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم اے اس وقت پارلیمنٹ سے مستعفیٰ ہو جاتی ہے تو آج حکمرانوں کو پارلیمنٹ میں کسی مزاحمت کا سامنا نہ پڑتا اور حکومت شتر بے مہار بن چکی ہوتی لیکن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی فہم وفراست کی وجہ سے آج قد آور سیاستدان بھی ان کے معترف دکھائی دیتے ہیں

انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے اور آنے والے وقت میں سیاست میں نوجوان چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کا کوئی ثانی دکھائی نہیں دیتا پاکستان پیپلزپارٹی ایک سیاسی انسٹیٹیوٹ ہے اور جمہوریت کیلئے ہماری قیادت کی قربانیاں لازوال ہیں انہوں نے کہا کہ شھداء کے وارثوں کو نہ کوئی ڈرا سکتا ھے نہ جھکا سکتا ہے