حکومت 2018ء کی معیشت واپس کردے‘ خورشید شاہ

197

سکھر( آئی این پی+اے پی پی )پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہاہے کہ یہ حکومت ہمیں 2018ء کی معیشت واپس کردے ،ہم اس کے سارے گناہ معاف کردیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اس حکومت کے اقدامات کی وجہ سے مستقبل میں آنے والی حکومت کو بھی سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا ،ایک آدمی کی غلطی کا خمیازہ اس وقت پوری قوم بھگت رہی ہے ،اس حکومت نے ہمیں آئی ایم ایف کا غلام بنا دیاہے ،ہمارے مرکزی بینک کو آئی ایم ایف کے سامنے جوابدہ بنادیا ہے، موجودہ حالات میں ہماری خود مختاری اور سالمیت چیلنج ہوچکی ہے ،پوری قوم اور ادارے سمجھ چکے ہیں کہ اس حکومت سے کچھ نہیں ہوگا ۔قبل ازیں خور شید شاہ آمدن سے زاید اثاثہ جات ریفرنس میں احتساب عدالت سکھر میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر دیگر نامزد ملزمان بھی عدالت میں موجود تھے۔ عدالت کے جج فرید انور قاضی نے کیس کی سماعت کی۔ وکلا کے مختصر دلائل کے بعد عدالت نے سماعت 8 فروری تک ملتوی کر دی ۔