صحافت اور عدلیہ آزاد ہونے چاہییں،پی ایف یو جے

229

سکھر(نمائندہ جسارت) خیرپور یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام فیض گنج میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے اعلانیہ لانگ مارچ کے سلسلے میں جرنلسٹس کنونشن منعقد ہوا، جس میں خصوصی طور پر پی ایف یو جے کے نائب صدر لالا اسد پٹھان نے شرکت کی، جبکہ ایس یو جے کے صدر سلیم سہتو ،جنرل سیکرٹری جاوید جتوئی،سینئرنائب صدر جلال الدین بھیو ،جوائنٹ سیکر ٹری ندیم سرکی، پریس سیکرٹری فیصل آرائیںسمیت دیگر عہدیداران و صحافی ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے نائب صدر لالا اسد پٹھان نے کہا کہ پی ایف یو جے کی جانب سے کوئٹہ سے شروع ہونے والے لانگ مارچ میں سندھ سے ہزاروں قلم کے مزدوروں اور سیاسی سماجی و ٹریڈ یونینز کے رہنما اور کارکنان شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو پابند سلاسل نہیں ہونے دیا جائے گا، پی ایف یو جے آزادی اظہار رائے پر قد غن لگانے والی قوتوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ صحافت اور عدلیہ آزاد ہونے چاہییںتاکہ ہر گلی کوچے میں رہنے والے حقوق سے محروم ہر عام آدمی کی آواز ایوانوں تک پہنچ سکے ، صحافت کے لیے جتنی بھی قربانیاں دینا پڑی ہم دیں گے سندھ ہمیشہ سے مزاحمت پسندوں کا خطہ رہا ہے اور یہاں کے باضمیر لوگ کسی صورت بھی قلم کی حرمت پر کوئی آنچ برداشت نہیں کریں گے۔یہاں سے ہمیشہ آمریت کو للکارا گیا ہے پی ایف یوجے کے قائدین نے جیسے ہی لانگ مارچ کی کال دی تو اندرون سندھ سے با ہمت با ضمیر قلم کے مزدوروں کا سونامی نکلے گا۔