ابوبکر صدیق ؓکے حوالے سے پورے مہینے محفل منعقد ہونی چاہیے

252

کراچی (پ ر) نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین سابق رکن اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ حضرت ابوبکر صدیق ؓکے حوالے سے پورے مہینے محفل منعقد ہونی چاہیے خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کامقام انبیاء علیہ السلام کے بعد سب سے افضل واعلیٰ ہے۔نبی کریم ﷺکا فرمان ہے کہ ’’جس نے میرے ساتھ حسن سلوک کیا، اسلام کی فروغ اشاعت کے لیے جو مددکی اُس کا بدلہ میں اُتار چکا ہوں، لیکن ابوبکر صدیق کابدلہ اللہ ہی عطافرمائے گا‘ سرکاردوعالم ﷺسے ان کی محبت مثالی تھی وہ ہروقت حضور کے ساتھ رہتے تھے،ان کی محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ آپ ؓ یار غار بھی ہیں اور یار مزار بھی۔ وہ جامع مسجد فردوس پاکستان کوارٹر میں حضرت ابوبکر صدیقؓ کی حیات، شان و خدمت خلق کے موضوع پرخطاب کررہے تھے۔ حاجی حنیف طیب نے کہاکہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے منکرین ختم نبوت اور زکوٰۃنہ دینے والوں کے خلاف جہاد کیا۔ اسلام کے پیغام کو عام کرنے میں آپ ؓ نے مرکزی کردار ادا کیا۔ حاجی حنیف طیب نے کہاکہ حضرت ابوبکر صدیقؓ خلیفہ وقت ہونے کے باوجود غریبوں، یتیموں، مسکینوں، پریشان حال، معذوروں اور مجبوروں کی خدمت کو خلافت کافرض سمجھتے تھے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ کے حوالے سے پورے مہینے محفل منعقد ہونی چاہیے۔