پنجاب میں بچوں کی اسکولوں میں حاضری کیلئے کرونا ویکسی نیشن لازمی قرار

383

لاہور: پنجاب حکومت نے طلبہ کی اسکول میں حاضری کے لیےویکسی نیشن کو لازمی قرار دے دیا، بغیر ویکسینیشن بچوں کو اسکول آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

این سی او سی کے اجلاس کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد راس نے کہا کہ اجلاس میں اسکولز پر سب سے آخر میں بات ہوئی، اسکولوں کو بند نہیں کیا جا رہا صورتحال خراب ہوتی ہے تو مرحلہ وار اول تا ھشتم تک چلایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ دیگر چیزوں کے بند ہونے تک اسکولز کی بندش کا فیصلہ نہیں کر سکتے۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ اسکولز بند نہیں کرسکتے، پہلے ہی بچوں کا بہت نقصان ہوچکا ہے، اسکولوں میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے بچوں کی اکثریت کو کورونا ویکسین لگوا دی گئی ہے اور ویکسی نیشن کے بغیر اب بچے اسکولوں میں نہیں آسکتے جب کہ 12 سال سے کم عمربچوں کی اسکولوں میں حاضری 50  فیصد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

مراد راس نے کہا کہ میٹرک سے انٹر تک کے طلباء کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے، ان کے لیے اسکول مستقل کھلے رہیں گے، تاہم ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ کورونا کے پھیلاو کا سب سے بڑی وجہ سماجی سرگرمیاں ہیں۔