بھارت ہمیں ختم کرنے تک نہیں رُکے گا، محبوبہ مفتی

485

سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کشمیریوں سے اپنے چھینے گئے حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ دفعہ370 کی منسوخی کے بعد علاقے کی صورتحال بد سے بدتر ہوگئی ہے۔بھارت ہمیں ختم کرنے تک نہیں رکے گا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع پونچھ میں ایک پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے دفعہ370 کو منسوخ کرنے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کو غلط، غیر آئینی اور غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے وقار اور عزت سے کھیلاہے۔

ان کا کہناتھاکہ موجودہ حالات کے پیش نظر سب سے بڑی ذمہ داری نوجوانوں پر عائد ہوتی ہے، دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد حالات مزید خراب ہوئے ہیں اوربھارت ہم سے نہ صرف ہماری زمین اور نوکریاں چھین رہاہے بلکہ اس نے ہماری عزت اور وقار سے بھی کھلواڑ کیا ہے، وہ اس وقت تک نہیں رکے گا جب تک وہ ہمارے وجود کو ختم نہیں کر دیتا۔جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو مایوسی کی طرف دھکیلا جارہا ہے

ان کا مزید کہنا تھاکہ اگر لوگ جموں و کشمیر کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں تو ان کے سامنے واحد راستہ یہ ہے کہ وہ عزم اور اتحاد کے ساتھ اپنے چھینے گئے حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہوںورنہ بھارت ہم سے سب کچھ لوٹ کر لے جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ 5 اگست 2019 کو ہماری جدوجہد شروع ہوئی ہے۔ ہمیں اس جدوجہد کو پرامن طریقے سے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے آپ کی حمایت کی ضرورت ہے۔