جمہوری نظام میں رائے دہندگان کی اہمیت مسلمہ ہے،اظہر حسین

224

بدین(نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن بدین کے زیراہتمام گورنمنٹ ہائی اسکول بدین میں نیشنل ووٹرز ڈے کے موقع پر سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد، خواتین کی تنظیم سورمی کے زیراہتمام مذاکرہ پروگرامز میں افسران شاگردوں اور خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن افسر بدین اظہر حسین ٹانوری نے ہائی اسکول بدین منعقد سیمینار اور واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی ووٹرز ڈے منانے کا مقصد عوام کو جمہوری اور قومی ذمے داری سے روشناس کرانا ہے انہوں نے کہا کہ ہم آزاد منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے کوشاں ہیں جس کے لیے عملی اقدام کر رہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کا ہر شہری باالخصوص خواجہ سرا معذور افراد شناختی کارڈ بنوا کر ووٹ کے اندراج کو یقینی بناتے ہوئے جاری مہم کو کامیاب بنائیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالغفار کھوسو نے کہا کہ جمہوری نظام کی مضبوطی میں ووٹ بنیادی اہمیت کاحامل ہے اور جمہوری نظام میں رائے دہندگان کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے اقتدار کا فیصلہ کرتے ہیں، ووٹ کی طاقت عوام کو قیادت چننے کاحق دیتی ہے انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی سطح پر ووٹ سے متعلق آگاہی مہم قابل تحسین ہے اس مہم کو کامیاب بنانا ہم سب کی ذمے داری اور قومی فریضہ ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ افسر ایجوکیشن ممتاز نوتکانی محمد اسلم پٹھان فوکل پرسن محکمہ ایجوکیشن محمد خان سموں الیکشن افسر مشتاق علی مستوئی نثار احمد خاصخیلی اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کو انتخابات اور انتخابی عمل سے واقف کروانا اور انہیں سیاسی طور پر فعال کرنا ہے تاکہ عوام اس قومی فریضہ کو سمجھتے ہوئے فہرست رائے دہندگان کی تصدیق نئے ووٹر کا اندراج متوفی اور دوسرے ملکوں کے شہریت پانے والے شہریوں کا خارج حقیقی نمائندوں کے چناؤ میں عوام میں شعور بیدار کرنا اور ان کو فعال کرنا شامل ہے۔ ووٹرز کے قومی دن کے موقع پر خواتین کی نمائندہ معروف تنظیم سورمی ویلفئیر کے آفس میں منعقد مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے خواتین رہنما عابدہ ماروی سابق رکن ضلع کونسل خورشید میمن پارس شاہ نجمہ انصاری بختاور جمالی اور دیگر نے کہا پاکستان ووٹ کی طاقت سے ہی ووجود میں آیا تھا پر افسوس ہم نے کبھی ووٹ کی اہمیت کو سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کی اور پہلے قومی انتخابات تک پہنچنے میں ہمیں 27برس لگے اتنے برس بعد بھی جب الیکشن ہوئے تو ہم نے نہ تو ووٹ کی اہمیت کو سمجھا اور نہ ووٹر کی رائے کا احترام کیا ۔