ٹنڈوالٰہیار،بلدیاتی ملازمین کی ہڑتال،شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل

142

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)متحدہ اتحاد عباسیہ کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالحمید عباسی نے اپنے پر یس بیان میں کہا ہے کہ بلدیہ ملازمین کی ہڑتال کے باعث شہر سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب گیا ہے اور جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر سے آلودگی بھی بڑھنے لگی ہے جس کی وجہ سے وبائی مراض پھوٹنے کا خدشہ ہے، انتظامیہ جلد از جلد ملازمین کے مسائل حل کرے ۔انہوں نے کہا کہ شہر سیوریج کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے گلی محلوں میں جگہ جگہ پانی جمع اور گندگی کے ڈھیر ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ مختلف موذی امراض کو جنم دے رہے ہیں لیکن انتظامیہ ملازمین کے مسائل حل کرنے کے بجائے آنکھیں بند کیے بیٹھی ہے شہر کے اکثر راستے گندے پانی کے تالاب میں تبدیل نظر آتے ہیں گندا پانی علاقہ مکینوں سمیت وہاں سے گزرنے والے شہریوں کیلیے وبال جان بن گیا ہے جبکہ گندا پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے سڑک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ نماز کے اوقات میں مساجد کے باہر پانی کھڑا نظر آتا ہے جس کے باعث تاجروں اور شہریوں بالخصوص اسکول کے بچے خواتین بچوں اور ضعیف افراد کو چلنے پھرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے کئی دن گزر جانے کے باوجود سڑکوں پر سیوریج کا پانی جمع ہے اگر گندا پانی شہری علاقوں سے نہیں نکالا گیا تو گندا پانی دکانوں اور علاقہ مکینوں کے گھروں میں داخل ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ شہرگندے پانی میں ڈوبا ہوا ہے لیکن انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے انتظامیہ ملازمین کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں دکھائی دیتی اور نہ ہی کوئی اقدام کیے جارہے ہیں اگر ملازمین کے مسائل حل نہ ہوئے تو شہر گندے پانی میںمکمل ڈوب جائے گا۔ انہوں نے سندھ کے وزیر بلدیات سمیت اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال کو بہتر کیا جائے اور ملازمین کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔