حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ پر توجہ دے’ کارپٹ ایسوسی ایشن

1173

کراچی:پاکستان کارپٹ مینوفیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئی عالمی منڈیوں کو تلاش کرے،وہاں کے رجحانات اور ان تک رسائی کے مواقع پیدا کرے۔

کارپٹ ایسوسی ایشن  کے رہنما نے کہا کہ بیرون ممالک قائم پاکستانی سفارتخانوں میں فرائض سر انجام دینے والے کمرشل اتاشیوں کو اس حوالے سے ٹاسک سونپا جائے ،حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ پر توجہ دے اوراس کیلئے پرائیویٹ پبلک سیکٹر کا جوائنٹ ونچر کیا جائے ۔

پرویز حنیف نے کہا کہ برآمدات کوبڑھانے کیلئے فہرست میں اضافہ ناگزیر ہے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان جو مصنوعات دہائیوں سے برآمدکررہا ہے انہیں کسی طرح کی سہولیات اورمراعات نہ دی جائیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ ماضی میں پاکستان کے ہاتھ بنے قالینوں کی برآمدات سے سالانہ کئی ملین ڈالرز کا قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوتا تھا لیکن اب حکومت کی عدم توجہگی کی وجہ سے برآمدات سکڑ کر انتہائی نیچے آ چکی ہیں ۔

کارپٹ ایسوسی ایشن کے چیئر پرسن نے کہا کہ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ طورخم کے راستے جزوی تیار خام مال منگوانے پر ہمارے مطالبات تسلیم کئے جائیںاوراس کے ساتھ فریٹ چارجز میں بھی سبسڈی دی جائے تاکہ کارپٹ انڈسٹری ایک بار پھر اپنا عروج حاصل کر سکے۔