وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب، 17 نکاتی ایجنڈا جاری

245

وفاقی کابینہ کا اجلاس آئندہ منگل کو طلب کیا گیا ہے، اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوگا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں سیالکوٹ سانحے پر بھی بات چیت کی جائے گی اور واقعے کے ملزمان کے خلاف کارروائی پر اجلاس کے شرکاء کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے منگل کے اجلاس کا 17 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق کابینہ کو وزارتوں اور اداروں میں سی ای اوز اور ایم ڈیز کی خالی آسامیوں پربریفنگ دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق افغان باشندوں کو کسی تیسرے ملک جانے کے لیے زمینی یا فضائی محفوظ راستہ دینے کی منظوری دی جائے گی جبکہ انٹرنیشنل این جی اوز کے لیے ویزے کے طریقہ کار کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

عمر سعید خان کو سیکیورٹی ایکٹ کے تحت نظر بند کیے جانے کی منظوری دی جائے گی اور گیپکو اور ٹیسکو کے سی ای اوز کی تعیناتی کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی مارکنگ فیس پر نظرثانی کی منظوری دی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کراچی کی منظوری دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)کی سال 20-2019 کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی جبکہ معاشی اعشاریوں کے حوالے سے بریفنگ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔