صدر مملکت آج جرنلسٹس پروٹیکشنبل پر دستخط کرینگے

354

اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج (بدھ کو) صحافیوں کے تحفظ اور آزادانہ صحافت کے فروغ کے حامل جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ایکٹ ) بل 2021ء پر دستخط کریں گے جس سے یہ باضابطہ قانون کی شکل اختیار کرلے گا۔ اس سلسلے میں بل پر دستخط کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوگی۔ یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے 8 نومبر 2021ء اورسینیٹ نے 19نومبر 2021ء کو صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ (ایکٹ ) بل 2021 کی منظوری دی تھی ۔ اس بل کے تحت صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کو حق رازداری حاصل ہو گا ،انہیں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انجام دہی اور آزادی اظہار رائے کا حق حاصل ہوگا، انہیں نجی زندگی ، گھر اورذاتی خط و کتابت ( بشمول الیکٹرانک گفت و شنید) کی پرائیویسی، اپنی خبر کے ذرائع کو مخفی رکھنے کا حق،اورکسی بھی فرد یا ادارے کی جانب سے جبر، تشدد، خوف و ہراس، دھونس، دھمکی اور جبری گمشدگی کے خلاف تحفظ حاصل ہو گا ، انہیں خبر کا ذریعہ بتانے کے لیے مجبور نہیں کیا جا سکے گا۔میڈیا مالکان صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کو مقرر کردہ میعارات کے تحت لائف اینڈ ہیلتھ انشورنس فراہم کریں گے، میڈیا مالکان صحافیوں کو وقت پر تنخواہ دینے کے بھی پابند ہوں گے۔