جھڈو، گردونواح میں بجلی کا طویل بریک ڈائون ،شہری پریشان

151

جھڈو(نمائندہ جسارت) جھڈو و گردونواح کے علاقوں میں بجلی کا بارہ گھنٹے طویل بریک ڈاؤن، بجلی کی طویل بندش سے کاروباری سرگرمیاں اور شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہوگئے،جس سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جھڈو و گردونواح کے علاقوں میں حیسکو کی جانب سے آ ٹھ گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باوجود فالٹ کے نام پر آ ٹھ سے دس گھنٹے تک بجلی کا طویل بریک ڈاؤن اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ روز کا معمول بن گیا ہے ، چوبیس گھنٹوں میں سے سولہ سے اٹھارہ گھنٹے بجلی کی بندش اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، شہریوں نے حیسکو کی نااہل انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حیسکو کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جھڈو و گردونواح کے علاقوں میں اتوار کی شام ساڑھے پانچ بجے فالٹ کے نام پر بند کی کئی بجلی پیر کی صبح تقریباً پانچ بجے تقریباً بارہ گھنٹوں کے بعد بحال ہوئی ، سولہ سے اٹھارہ گھنٹوں کی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہر میں کاروباری سرگرمیاں اور شہریوں کے معمولات زندگی بھی بری طرح سے متاثر ہو رہے ہیں، دن اور رات کے اوقات میں بجلی کی گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور روزانہ شام کو پانچ بجے سے رات ساڑھے دس بجے سے گیارہ بجے تک بجلی کی طویل بندش روزانہ کا معمول بن چکا ہے جس کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتاہے جبکہ دوسری جانب گھروں میں امورخانہ داری میں مصروف گھریلو خواتین کو بھی دن اور رات کے اوقات میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور طویل بریک ڈاؤن کے باعث سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ بجلی کی طویل بندش سے شہر میں پانی کی فراہمی کا عمل بھی شدید متاثر ہو جاتا ہے جس سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا رہتا ہے ، جھڈو و گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی سولہ سے اٹھارہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پرجھڈو کے شہری و سماجی حلقوں نے احتجاج کرتے ہوئے حیسکو انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دن اور رات کے اوقات میں فالٹ کے نام پر جھڈو و گردونواح کے علاقوں میں روزانہ بجلی کی گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کاعذاب مسلط کر رکھا ہے۔شہری رہنماؤں نے حیسکو چیف سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔