حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے وفد کی ارباب غلام رحیم سے ملاقات

121

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر ناصر شیخ کی سربراہی میں وفد نے وزیراعظم کے معاون خصوصی اور سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سے ملاقات کی اور سندھ بھر میں صحافیوں کو درپیش مسائل، پیشہ ورانہ ذمے داریوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنے، طبی سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں ایچ یو جے ورکرز کے جنرل سیکرٹری امجد اسلام، نائب صدر عاشق ساند، خازن عمران ملک، جوائنٹ سیکرٹری ندیم اختر، گورننگ باڈی کے رکن عرفان آرائیں، جاوید چنا سمیت دیگر شامل تھے۔ وفد نے ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو بتایا کہ سندھ میں صحافیوں کو صحت کی بنیادی سہولیات میسر نہیں لہٰذا وہ وفاقی حکومت کی جانب سے صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے صحت کارڈ کا اجراء کروائیں اس کے علاوہ انتقال کرجانے والے غریب صحافیوں کے اہل خانہ کی بھی مالی مدد کی جائے، ان کے بچوں کو تعلیم کی سہولیات میسر کی جائے۔ صحافیوں کو بااثر افراد، پولیس او رانتظامیہ کی جانب سے ہراساں کرنے اور جھوٹے مقدمات درج کرنا معمول بن گیا ہے،حکومت اس پر بھی توجہ دے۔ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے وفد کو یقین دلایا ہے کہ وہ ایچ یو جے (ورکرز) کے مطالبات اور سفارشات وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے سامنے پیش کریں گے اور صحافیوں کے جائز مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔