حکومتی نا اہلی کے سبب ڈینگی کا مرض بے قابو ہو گیا، رہنما جماعت اسلامی

312

فیصل آباد: جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے کہا ہے کہ حکومتی نا اہلی کے سبب پنجاب میں ڈینگی کا مرض بے قابو ہو گیا ہے اور ہر آنے والے دن جاں بحق اور متاثرہ افراد کی تعداد میں ہوش ربا اضافہ ہو رہا ہے ۔

رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ  روزانہ سینکڑوں افراد ڈینگی کے مہلک مرض سے متاثر ہو رہے ہیں ۔ بزدار حکومت کی نااہلی اور لاپرواہی تمام حدیں عبور کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اعدود شمار کے مطابق اب تک صوبہ بھر میں ڈینگی سے  اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اسپتال مریضوں سے اٹے پڑے ہیں اور وبا کی شدت میں کوئی کمی نظر نہیں آرہی۔اگر پی ٹی آئی کی حکومت بر وقت سپرے اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرتی تو حالات اس نہج پر نہ پہنچتے جہاں اب پہنچ چکے ہیں۔

ظفر حسین خان نے کہا کہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ہزاروں مریض اور ان کے لواحقین بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیںاور حکمران انتظامیہ مسلسل غیر سنجیدگی اور نا لائقی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے گذشتہ سوا تین برسوں میں شعبہ صحت کی بہتری کے لیے کوئی بھی خاطر خواہ قدم نہیں اٹھایا ۔صحت اور تعلیم کے سیکٹرز میں ریفارمزلانا وزیر اعظم کا سب سے بڑا نعرہ تھا جس میں بھی وہ دیگر وعدوں اور دعووں کی طرح مکمل فلاپ ہو گئے ہیں۔

رہنما جماعت اسلامی  نے کہاکہ قوم حکمرانوں سے کوئی امید وابستہ نہ کرے ،لوگ ڈینگی کے حوالے سے مکمل احتیاطی تدابیر اپنائیں اور سنت نبوی ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے اپنے گھروں اور ارد گرد کی صفائی پر توجہ دیں۔