جھڈو پانی کی بندش ،گندم کی بوائی شدید متاثر ہونے کا خدشہ

364

جھڈو(نمائندہ جسارت)ٹیل کے علاقوں میں ربیع سیزن کے آغاز میں نہروں کی اچانک بندش اور گندم کی فصل کی بوائی متاثر ہونے کے خلاف آبادگار سڑکوں پرنکل آئے، مین شاہراہ پر دھرنا،ٹریفک معطل،آبادگاروں کا گندم کی بوائی کیلیے فوری پانی فراہم کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ناراکینال میں پانی کی تسلی بخش صورتحال کے باوجود جمڑائو کی کینال کی بگئی مائنر اور سلور ڈسٹری میں اچانک پانی کی بندش کے خلاف کاشتکاروں نے جھڈو میرپورخاص اور مٹھی شاہراہ پر ٹینٹ لگاکر کئی گھنٹے تک دھرنادیا اور آبپاشی کے کرپٹ اہلکاروں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے فوری زرعی پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا،دھرنے سے کئی گھنٹے تک دو طرفہ ٹریفک معطل ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔اس موقع پر آباد گار رہنمائوں جلیل انڑ،ایاز کھوسو،سامانو خاصخیلی،رشید ہوت اور سید علی نواز شاہ نے احتجاجی شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی بوائی کی کاشت کے ساتھ ہی آبپاشی کے کرپٹ اہلکاروں نے کوئی معقول وجہ بتائے بغیر،اچانک جمڑائو کینال کی بگئی مائنر اور سلور ڈسٹری میں پانی کی فراہمی کوبند کردیاہے جس سے گندم کی کاشت شدید متاثر ہوئی ہے۔ کاشتکاروں نے گندم کی بوائی کیلیے زمینیں تیار کی تھیں لیکن اب پانی نہ ہونے کہ وجہ سے ہزاروں ایکڑ پر گندم کی کاشت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ناراکینال میں بھی ضرورت کے مطابق پانی موجود ہے لیکن آباد گاروں سے رشوت بٹورنے کیلیے نہروں کو بند کردیاگیا ہے جس سے گندم کی کاشت ہدف کے مطابق نہیں ہوسکے گی۔ کاشتکار رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ گندم کی کاشت کیلیے فوری طور پر زرعی مقاصد کیلیے پانی فراہم کیاجائے۔