امارات کی طالبان کو کابل ایئرپورٹ آپریٹ کرنے کی پیشکش

462

متحدہ عرب امارات نے کابل میں حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو آپریٹ کرنے کی پیشکش کی ہے۔

رائٹرز کے مطابق یہ ایک ایسا اقدام ہے جس کے ذریعے متحدہ عرب امارات افغانستان میں اثر و رسوخ کے لیے اپنے خلیجی حریف قطر کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔

خبر رساں ادارے نے خلیج میں مقیم غیر ملکی سفارت کاروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے حکام نے حالیہ ہفتوں میں ہوائی اڈے کو چلانے پر بات چیت کے لیے طالبان کے ساتھ متعدد مذاکرات کیے ہیں۔

اگرچہ افغان حکومت کو کسی بھی ملک نے باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے لیکن مذاکرات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح سے ممالک طالبان کے زیر اقتدار افغانستان میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

رائٹرز نے ایک نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اماراتی افغانستان میں موجود قطر کی سفارتی طاقت کا مقابلہ کرنے کے خواہاں ہیں۔

ابھی تک قطر اور ترکی اگست میں امریکی انخلاء کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد کابل ہوائی اڈے کو چلانے میں مدد کر رہے ہیں ، اور کہا ہے کہ وہ آپریشن سنبھالنے کے لیے تیار ہیں تاہم طالبان نے ابھی تک قطر کے ساتھ کوئی سرکاری معاہدہ نہیں کیا ہے۔