عوامی ایکسپریس کو تباہ کرنے کی کوشش ناکام،مارٹرگولے برآمد، دہشت گرد گرفتار

692

  ریلوے ٹریک پر عوامی ایکسپریس کو مارٹر گولوں سے تباہ کرنے کی کوشش کرنے والا مبینہ دہشت گرد گرفتارکرلیا گیا۔  نواب شاہ میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی امیر سعود مگسی نے کہا  کہ پولیس  نے عوامی ایکسپریس کو تباہ کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گرد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے مارٹر گولے برآمد کر لئے ہیں۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد  کی شناخت ماجد علی کیریو عرف ببلو کے نام سے ہوئی ہے، جو ریلوے ٹریک پر عوامی ایکسپریس کو مارٹر گولوں سے تباہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا، اور کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے تین مارٹر گولے بھی برآمد کئے گئے ہیں، تاہم اس  کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔سعود مگسی کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد ماجد علی نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک ماہ قبل رینجرز انٹلیجنس کے دفتر پر بھی بم حملہ کرنے میں ملوث تھا۔ ملزم کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا،جب کہ مزید تفتیش میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔