پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ سرینڈر ڈاکومنٹ ہے،سینیٹر مشتاق احمد

192

پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ سرینڈر ڈاکومنٹ ہے، آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے میں پوری قوم کوان کے حوالے کردیا گیا،جون تک بجلی اورپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزیداضافہ ہوگا،جوآئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کاکہتے تھے انھوں نے ایک ارب ڈالرمیں پاکستان کوبیچ دیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کے نائب امیر و رکن صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکرٹری اطلاعات صہیب الدین کاکا خیل اور میڈیا کوآرڈی نیٹر سید جماعت علی شاہ بھی موجود تھے۔سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہاکہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ سرینڈر ڈاکومنٹ ہے،شرم کی بات ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ سرینڈر ڈاکومنٹ پر بھی شادیانے بجارہی ہے، حکومت آئی ایم ایف جیسے نئے وائسرائے کو اسلام آباد میں بٹھانا چاہتی ہے۔اب جون تک نئے ٹیکسز اور مہنگائی کا تازہ سونامی آئے گا،انہوں نے کہاکہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکی مبینہ آڈیوکے معاملے پرچیف جسٹس آف پاکستان سوموٹونوٹس لیں۔ سابق چیف جسٹس کی مبینہ آڈیو نے انصاف کے پورے نظام کومشکوک بنادیا ہے، اگرواقعی آڈیواصلی ہے توثاقب نثارقومی مجرم تصور ہوں گے۔مشتاق احمد خان نے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات سے بھاگناچاہتی ہے،اس لیے عدالت عظمیٰ گئی،جماعت اسلامی عوامی مفادات کی خاطرعدالت عظمیٰ میں کھڑی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ افسوس کے ساتھ کہناپڑتاہے کہ باجوڑمیں جے یو آئی کے کارکن قاری الیاس کوشہید کیا گیا ،چندماہ قبل اس کے بڑے بھائی کو بھی نامعلوم افرادنے قتل کیاتھا،قاری الیاس نے خطرے سے متعلق ڈپٹی کمشنرکوآگاہ کیاتھا، لیکن انھیں کوئی سیکورٹی نہیں دی گئی۔سیکورٹی صرف وزیروں اور مشیروں کے لیے ہے،قاری الیاس کے خاندان کو فوجیوں کی طرز پر شہدا پیکج دیا جائے، شہیدنوجوان کے لیے سینیٹ میں آواز اٹھاؤںگا۔انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کو ترقیاتی کاموں کے لیے 3 سال میں 300 ارب کے بجائے 112 ارب روپے ریلیز ہوئے مگر خرچ محض کروڑوں میں ہوئے، غیرمنتخب اداروں کے ہاتھ رقوم خرچ نہیں ہونی چاہیے ۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو کیا وزیر اعلیٰ کے جلسے نظر نہیں آرہے؟ ڈپٹی کمشنر، پٹواریوں اور پولیس کی مدد کے باوجود حکومت جلسوں کے نام پر ناکام شو کر رہی ہے، الیکشن کمیشن وزیر اعلیٰ کے جلسوں کا نوٹس لے اور انھیں سزا دے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، 2382 ویلج کونسلز پر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو لائینگے،125 مختلف کیٹیگریز میں ہمارے کونسلرز کامیاب ہو چکے ہیں،کونسلرز کی کامیابی ہواؤں کی تبدیلی کا اشارہ ہے،بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔