یونائیٹڈ بزنس گروپ نے ایف پی سی سی آئی کی انتخابی مہم کے پہلے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا

297

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ کاروباری برادری کی بلاامتیاز خدمت اور کاروبار دوست ماحول کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلیے جدو جہد جاری رکھے گا۔ ہفتہ کو یہاں گروپ جنرل باڈی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے صدر سارک چیمبر اور چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک نے ایف پی سی سی آئی کی انتخابی مہم کے پہلے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی شروع سے ہی کاروباری برادری کو بہت اہمیت دیتا ہے اور گروپ نے مقامی، صوبائی و قومی سطح پر بغیر کسی خوف اور امتیاز کے تاجروں کی وکالت کی ہے۔ یو بی جی کی قیادت نے بار ہا وزیراعظم، وفاقی وزرائ، گورنر پنجاب اور وزیراعظم کے مشیروں سے ملاقاتیں کرکے ملک بھر کے تاجروں اور برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے معروف کاروباری گروپس نے بھی یو بی جی کے فولڈ میں شمولیت اختیار کی ہے جو کہ حقیقی معنوں میں ایک اہم پیش رفت اور کامیابی ہے۔ اس کا سہرا یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کی اکثریت نے اپنی مکمل اور غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا ہے اور یو بی جی فیڈریشن کے آئندہ سالانہ انتخابات میں بڑے فرق سے کلین سویپ کرے گا۔ یو بی جی کے صدر زبیر طفیل نے کہا کہ تاجروں کی خدمت کے جذبے سے سرشار بہترین، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہر دل عزیز تاجروں کو میرٹ اور اتفاق رائے سے ٹکٹ دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدوار دیانتداری اور حب الوطنی کی مثال اور رجسٹرڈ ٹیکس دہندہ ہیں۔ صدارتی امیدوار ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے تاجر برادری کے وسیع تر مفاد میں تمام اہم فیصلے اتفاق رائے سے کرنے کے ساتھ ساتھ کاروبار دوست پالیسیوں اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے یو بی جی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف حقیقی جمہوریت ہی ہماری تجارتی سیاست کی بنیاد ہے اور دیانتدار رہنماﺅں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ وہ ایف پی سی سی آئی کا امیج بہتر بنانے اور تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ سینئرنائب صدر کے لئے امیدوار محمد گوہر حنیف نے کہا کہ ہم قانون کی حکمرانی، جمہوری نظام کے فروغ اور تاجروں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے قومی معیشت کی مضبوطی پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ یو بی جی تاجروں اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہے گا اور تاجر برادری کے مفادات کا تحفظ کرنے کے ساتھ ساتھ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام تر کوششیں ہماری اولین ترجیح ہوں گی۔ اس موقع پر تمام امیدواران برائے نائب صدور میاں ادریس، شیخ تنویر، زاہد اقبال چوہدری، حمید اختر چڈھا، کوآرڈینیٹر ملک سہیل حسین، گروپ لیڈر شیخ ریاض، رحمت اللہ جاوید، میاں وقار احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور گروپ کے منشور کی مختلف خصوصیات اور پہلوﺅں کو اجاگر کیا جن کا بنیادی مقصد اقتصادی سرگرمیوں کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔