کشمیر ی بچی نےعالم اسلام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ،سینیٹر اعجاز چوہدری 

505

 پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چورہدری نے کہا ہے کہ کشمیر ی بچی نے پورے عالم اسلام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ،بچی قاتلوں کو کہہ رہی تھی میرے والد کو کیوں شہید کیا؟،سامنے والے قاتل مسکرا رہے تھے،واقعہ پر بھارت کے ہائی کمشنر کو طلب کیا جائے۔ جمعہ کو سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا کہ ایک بچی کی ویڈیو جاری ہوئی ہے جس کا تعلق کشمیر سے ہے،اس بچی نے پورے عالم اسلام کو جھنجوڑ کر رکھ دیا،بچی قاتلوں کو کہہ رہی تھی میرے والد کو کیوں شہید کیا؟،سامنے والے قاتل مسکرا رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ الطاف بھٹ کی بیٹی کے ساتھ یہ سب ہوا ،اس واقعہ پر بھارت کے ہائی کمشنر کو طلب کیا جائے۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز چار کشمیریوں کو شہید کیا گیا، کشمیریوں کو شہید کرکے ان کے جسد خاکی بھی نہیں دیے جاتے، شہداء  کے جنازے بھی پڑھنے نہیں دیے جاتے، جب کشمیر میں یہ سب کچھ ہورہا تھا اس وقت ہماری پارلیمنٹ میں کلبھوشن کے حوالے سے قانون سازی ہورہی تھی۔ اجلا س کے دور ان وزارت خارجہ نے تحریری جواب میں بتایاکہ امریکی حکومت نے اطلاع دی ہے کہ گونتانامو بے کے حراستی مرکز میں سیف اللہ پراچہ کی قید کی مدت پوری ہو گئی ،اس سلسلے میں دونوں ممالک رابطے میں ہیں ،سیف اللہ پراچہ کی پاکستان حوالگی کے سلسلے میں ضروری رسمی کاروائی مکمل کر رہے ہیں ۔

سینیٹر مشتاق احمد نے کہاکہ ایک بے گناہ پاکستانی بزنس مین نے 17 سال گونتانامو بے میں گزارے ،کیا انکو امریکہ کے حوالے کرنے والوں کا کوئی احتساب ہو گا؟ ،کیا ان کو امریکہ کے حوالے کرنے والوں کی ذمہ داروں کا تعین ہوا ؟ جنھوں نے انکو اور پاکستانیوں کو فروخت کیا ان کے ساتھ حکومت پاکستان نے کیا محاسبہ کیا؟ ،پرویز  مشرف نے  پاکستانیوں کو فروخت کیا ۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہاکہ بہت ظلم ہوا کہ لوگوں کو فروخت کیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ سینیٹر مشتاق ہمیں لکچر دے رہے ہیں ،پرویز مشرف نے لوگوں کو باہر بھیجا ،آپ  کے تعاون سے انکو باہر بھیجا گیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور  جمعیت علماء اسلام ف نے مشرف کو ایل ایف او دیا تھا ،ان کو کل بھوشن جادیو کی یاد ستا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف نے کبھی  کل بھوشن جادیو کا نام نہیں لیا ،کل بھوشن جادیو کیلئے مسلم لیگ ن نے jurisdiction کیوں قبول کی؟ ۔ انہوں نے کہاکہ دفتر خارجہ کے تعاون سے پراچہ صاحب واپس پاکستان آئیں  گے ،صرف پراچہ صاحب نہیں گونتانامو بے سے اور پاکستانی بھی چھوٹ رہے ہیں ۔

علی محمد خان کے جواب پر مسلم لیگ (ن )، جمعیت علماء اسلام (ف )اور جماعت اسلامی نے احتجاج کیا ۔سینیٹر تاج حیدر نے کہاکہ سیف اللہ پراچہ کو امریکی عدالت نے رہا کیا،کیا حکومت امریکہ کی حکومت سے سیف اللہ پراچہ کیلئے مالی معاونت مانگ رہی ہے ؟ اس سے پاکستان کے غیر ملکی ذخائر بہتر ہو جائیں گے ۔سینیٹر افنان اللہ نے کہاکہ علی محمد خان صرف یہ بتا دیں کہ مشرف کے ساتھ جو لوگ تھے ان میں سے کتنے آپ کے ساتھ حکومت میں ہیں۔