خیبرپختونخوا حکومت نے ڈیجیٹل یوتھ سمٹ 2021 کاکامیاب انعقاد کرادیا

260

خیبرپختونخوا حکومت نے ڈیجیٹل یوتھ سمٹ 2021 کاکامیاب انعقاد کرایا۔پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں ہونے والی اس کی افتتاحی تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، خیبرپختونخوا کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک عاطف خان اور ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین ہیسین نے شرکت کی۔

ڈیجیٹل یوتھ سمٹ میں اس سال تقریباً 8000 لوگوں نے شرکت کی جبکہ تقریباً 29000 سے لوگوں نے آن لائن سمٹ دیکھا۔صوبائی وزیر عاطف خان نے ڈیجیٹل یوتھ سمٹ 2021 کو حکومت خیبر پختونخوا کی ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیا اور اس کے تمام شرکاء کے جوش و خروش اور شرکت کو سراہا۔ تقریب میں، انہوں نے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لیے آئی ٹی میں مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنے مسلسل عزم کے بارے میں بات کی اور کہا کہ ” صوبہ بھر میں روزگار کے مزید نئے مواقع پیدا کرنے اور اقتصادی ترقی کے لیے تقریباً 100000 نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے میں تربیت دی جائے گی جس کے لیے تقریباً 8 ارب کا بجٹ تیار کیا گیا ہے”۔

اس سال کے ڈیجیٹل یوتھ سمٹ میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز، صوبائی وزراء کامران بنگش، شہرام تراکئی، تیمور جھگڑا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ڈیجیٹل یوتھ سمٹ (DYS) نے اپنا سفر 2014 میں شروع کیا تھا اور اب یہ عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ برانڈ نام بن گیا ہے اور یہ پاکستان کی اب تک کی سب سے بڑی اور طویل عرصے تک چلنے والی ٹیک کانفرنس ہے۔ DYSڈیجیٹل یوتھ سمٹ 2021 نے نہ صرف اسٹیک ہولڈرز، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور کاروباری افراد کو ممکنہ تعاون کے مواقع کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا بلکہ سرمایہ کاروں اور وینچر کیپیٹل فرموں کو بھی اکٹھا کیا جنہوں نے مقامی اسٹارٹ اپس کا جائزہ لیا اور انھیں ممکنہ فنڈنگ اور سرمایہ کاری کے مواقع پیش کیے جس سے نہ صرف صوبہ میں مزید روزگار کے مواقع میسر آ جائیں گے بلکہ اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو بھی مزید تقویت ملے گی۔ڈیجیٹل یوتھ سمٹ 2021 کا انعقاد خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB) نے ورلڈ بینک گروپ، خیبر پختونخوا وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات اور ملٹی ڈونر ٹرسٹ فنڈ، خیبرپختونخوا کی اقتصادی بحالی (ERKP) کے اشتراک سے منعقد کرایا جس میں  JAZZ نے معاونت فراہم کی۔