یورپ اور ایشیا میں برڈ فلو وائرس کا خطرہ سر اٹھانے لگا،چین میں 21افرادمتاثر

123

 دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کم ہونے کا نام نہیں لے رہی تاہم اب یورپ اور ایشیا میں برڈ فلو وائرس کا خطرہ سر اٹھانے لگا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق جانوروں کی صحت کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے مطابق یورپ اور ایشیا میں برڈ فلو وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، برڈ فلو وائرس کے یورپ اور ایشیائی ممالک میں متعدد کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ان ممالک میں لاکھوں مرغیوں کو تلف کردیا گیا ہے جب کہ پولٹری انڈسٹری کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

عالمی ادارے کے مطابق وائرس انسانوں میں منتقل ہورہا ہے، چین میں 21 افراد میں برڈ فلو وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ جنوبی کوریا میں لاکھوں مرغیوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی جن کو تلف کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جاپان کی وزارت زراعت کی جانب سے جاری بیان میں بھی پولٹری فارم میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔دوسری جانب یورپی ملک ناروے میں برڈ فلو وائرس کی خطرناک قسم H5N1 کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ بیلجئیم، فرانس اور ہالینڈ نے وائرس کی کیسز سامنے آنے کے بعد پولٹری مصنوعات کو انڈور رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔