6 دسمبر 2021 تک گھر گھر جاکر ووٹرز کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جائےگا،ترجمان الیکشن کمشنر سندھ

138

ترجمان دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق صوبہ سندھ میں انتخابات 2023کیلئے انتخابی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے کیلئے 7 نومبر 2021 سے کام شروع کردیا گیا ہے جوکہ 6 دسمبر 2021 تک گھر گھر جاکر ووٹرز کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جائےگا۔ جس کے تحت صوبے بھر میں ووٹرز کی تصدیق کے پہلے مرحلے میں 15ہزار 326تصدیق کنندگان، 3ہزار 891سپروائز اور 414 اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران تعینات کئے گئے ہیں۔ مزید برآں ووٹرز کی سہولت اور کسی بھی قسم کی شکایات کیلئے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ میں، ریجنل الیکشن کمشنرز اور تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں شکایتی مراکز قائم کئے گئے ہےں۔ ووٹرز کی تصدیقی عمل کے دوران عوام سے گزارش ہے کہ تصدیق کنندگان عملے سے تعاون کریں اور اپنے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں۔