ہر برائی اور بحران کی ماں عمران خان ہیں،فیصل کریم کنڈی

467

 پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہر برائی اور بحران کی ماں عمران خان ہیں۔ نیازی اینڈ کمپنی کے شکرے سابق حکومتوں پر الزام تراشی کرکے اپنے لیڈر عمران خان کی نالائقی کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مراد سعید، سرور خان، فواد چودھری، شہباز گل اور وزیراعلیٰ کے پی کے بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نالائق وزیراعظم نے کورونا وباکے دوران گندم اور چینی ایکسپورٹ کر دی جس کی وجہ سے چینی اور آٹے کا بحران آیا جو تا حال جاری ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مراد سعید کی چیخیں اب کتابوں میں محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کے ذریعے لوٹ مار بہت بڑا اور میگا سکینڈل ہے جس میں عمران خان خود ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پیکج کا جھوٹا جھانسہ دے کر رات کی تاریکی میں جادوگری کے ذریعے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی جیبوں سے اربوں روپے نکال دئیے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نیازی اینڈ کمپنی کے شکروں نے اپنے لیڈر کی نالائقی کو چھپانے کے لئے دوسروں پر الزام تراشی کو عادت بنا لیا ہے۔