آئی ایم ایف سے معاملات طے پاگئے،معاہدہ اسی ہفتے ہوگا،شوکت ترین

597
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اقتصادی صورتحال کے حوالے سے معاشی ٹیم سے بریفنگ لے رہے ہیں

اسلام آباد( آ ن لائن) مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پاگئے ہیں ، معاہدہ رواں ہفتے ہو جائے گا۔پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک سے متعلق قانون کے لیے آئینی ترامیم کی ضرورت ہے لیکن اس کے لیے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے،آئی ایم ایف کو یہی بات سمجھانے کی کوشش کی ہے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر، نیشنل بینک کے بعد مزید سائبر حملوں کاخدشہ ہے، دشمن ملک ہمارے پڑوس میں بیٹھا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں تاخیر کا شکار نہیں ہوں گی، صورت حال پر قابو پا لیا گیا
ہے۔شوکت ترین کا کہنا تھا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے ہیں،مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے،عالمی قیمتیں میرے کنٹرول میں نہیں ہیں، ڈالر کیایکسچینج ریٹ کے حوالے سے گورنر اسٹیٹ بینک بتائیں گے۔اس سے قبل مشیرخزانہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے باعث صنعت و تجارتی شعبے کو مسائل کا سامنا رہا اور مصنوعات کی سپلائی چین متاثر ہوئی ، وسیع تر اصلاحات پر مشتمل یہ نظام تجارتی سرگرمیاں بڑھائے گا۔انہوں نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کا جی ڈی پی اور گروتھ سے براہ راست تعلق ہوتا ہے،پاکستان سنگل ونڈو گورننس اور تجارتی سرگرمیوں کا آسان ترین نظام ہے۔شوکت ترین نے یہ بھی کہا کہ حکومت ہر شعبے میں بہتری کے لیے اصلاحات جاری رکھے ہوئے ہے، گزشتہ 2 سال میں عالمی تجارت بری طرح متاثر ہوئی، پیداواری لاگت اور شپنگ کے اخراجات بہت زیادہ بڑھے۔ مشیرخزانہ کامزید کا کہنا تھا کہ پاکستان تجارتی مرکز اور ٹرانزٹ کے منصوبے کے لیے کوشاں ہے، وسطی ایشیاودیگرخطوں کے درمیان تجارت بڑھانے کے اقدامات کیے ، نئے نظام سے جعل سازی اور کرپشن کا موثر طور پر خاتمہ ہوگا۔