ماربل نکالنے کیلیے جدید سائنسی طریقہ اختیار کیا جائے ، احمد جواد

206

اسلام آباد (کامرس ڈیسک)نائب صدر پاکستان بزنس فورم چوہدری احمد جواد نے کہا پاکستان میں ماربل انڈسٹری پانچویں بڑی صنعت ہے جس سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ خیبرپختون خوا میں ملاگوری ماربل، سب سے بڑی ماربل انڈسٹری ہے، جہاں سنگ مرمر تیارکرنے والے 276 کارخانے قائم ہیں۔ ادھر بالواسطہ اور بلاواسطہ دس ہزار سے زائد مزدور برسرروزگار ہیں۔ ہرکارخانہ ماہانہ اوسطاً35 ہزار سکوئر فٹ سنگ مرمر تیارکرتا ہے۔ یہاں کا ہرکارخانہ حکومتی خزانہ کوماہانہ 75 ہزار معدنی ٹیکس اداکرتا ہے جب کہ انڈسٹری سے بجلی کی مد میں ماہانہ تین کروڑ روپے وصول کیے جاتے ہیں۔ملاگوری ماربل انڈسٹری کے مختلف انواع کے سنگ مرمر ملک کے مختلف شہروں اور مارکیٹوں کوسپلائی کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ افغانستان اورخلیجی ممالک میں ملاگوری سنگ مرمرکی کافی مانگ ہے اور وہاں کے لوگ اس میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ضلع خیبر، مہمند اور باجوڑ کے پہاڑوں میں سات ہزار ملین ٹن ماربل کے ذخائرموجود ہیں جس میں سب سے زیادہ اہم زیارت ماربل ہے۔ احمد جواد کاکہنا تھا کہ زیارت ماربل خصوصیت اور معیار کے لحاظ سے اٹلی کے کرارہ ماربل کے بعد دنیا بھرمیں دوسرے نمبر پر ہے۔