انڈر پاس سب میرین چورنگی کو خوبصورت بنانے کی ہدایت

149

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں کراچی اے ڈی پی کے تحت 14.67 ارب روپے کے میگا منصوبوں کے تحت شروع کی گئی 19 اسکیموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا، جن میں 7.1 ارب روپے کی 6 جاری اور 7.57 ارب روپے کی 13 نئی اسکیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کہ وہ ذاتی طورپر کام کی رفتار اور معیار کی نگرانی کریں۔ وزیراعلی سندھ نے 7.1 بلین روپے کی میگا اسکیموں پر پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو انڈر پاس سب میرین چورنگی کو خوبصورت بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم انڈر پاس ہے جو کلفٹن اور ڈیفنس ایریا کے درمیان میں واقع ہے، اس لیے اسے دلکش اور خوبصورت ہونا چاہیے۔وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ یو ٹرن ناتھا خان اسکیم 214.466 ملین روپے سے شروع کیاگیا۔ اس کی تعمیر کا کام 70 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور باقی زیر التوا کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی بہتر روانی کے لیے اسے جلد مکمل کیا جائے۔