سندھ حکومت کا چینی اور ترک کمپنیوں سے کراچی کیلئے 250بسوں کا معاہدہ طے پاگیا

257

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پہلا مثبت قدم ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی میں 250 بسیں سڑک پرلانے کیلئے معاہدہ کرلیا، معاہدہ سندھ حکومت، ترکی اور چینی کمپنیوں کے درمیان ہوا.

معاہدے کی تقریب میں ترکی، چین کے سفرا سمیت وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے شرکت کی جبکہ مختلف ممالک کے مندوبین بھی تقریب میں شریک تھے۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کا معاہدہ کررہی ہے، وزیراعلی سندھ اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے منصوبے کیلئے دن رات ایک کئے۔

اویس شاہ کا کہنا تھا کہ مشکل ترین حالات میں محکمہ ٹرانسپورٹ کو 8 ارب روپے منصوبے کیلئے دیئے گئے، بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ کی سپورٹ سے منصوبے کا آغاز ہورہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ 250 انٹراسٹی بسوں کا یہ پہلا منصوبہ ہے، دوسرا 150 بسوں کا معاہدہ بھی جلد شروع کررہے ہیں، کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پہلا مثبت قدم ہے، ان شااللہ کراچی اور دیگر شہروں کو بہترسفری سہولت فراہم کریں گے۔