صلاح الدین ایوبی پر پاک ترک مشترکہ سیریل کی تیاریاں شروع

601

اسلام آباد: پاکستان اور ترکی کی مشترکہ پروڈکشن میں صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والے ڈرامے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صلاح الدین ایوبی پر دونوں ممالک کی پروڈکشن کمپنیوں کے درمیان ڈرامے کی تیاری کے لیے معاہدہ 20 اگست کو سربیا میں طے پایا تھا اور کام اب وہ پری پروڈکشن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان سے انصاری شاہ فلمز اور ترکی سے اکلی فلمز صلاح الدین ایوبی پر سیریل بنائیں گے، جس کو 16 اسکرپٹ رائٹر تحریر کررہے ہیں۔

 ڈرامے کے لیے اداکاروں کے آڈیشن پاکستان میں شروع ہوگئے ہیں مگر ابھی ترکی میں کاسٹنگ شروع نہیں ہوئی جبکہ 3 دن آڈیشنز ہوئے ہیں اور  فائنل آڈیشنز ترک ہدایت کار کریں گے۔

خیال رہے ڈرامے میں 25 فیصد کاسٹ پاکستان سے ہو گی اور پاکستان سے بڑے نام اس کا حصہ بنیں گے جبکہ ڈرامے کی شوٹنگ کے لئے  ترکی میں 240 ایکڑ پر مشتمل جگہ ہے جہاں ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے شہر آباد کیا جائیگا۔

یاد رہے  ثقافتی اور تاریخی شہر استنبول میں پاکستان اور ترکی نے مشترکہ طور پر عالمِ اسلام کی عظیم شخصیت سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈرامہ سیریز بنانے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

اس سلسلے میں استنبول کے ایک فائیو ستار ہوٹل میں منعقد ہونے والی تقریب میں ترکی اور پاکستان کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور یہ معاہدہ پاکستان کی انصاری اینڈ شاہ فلمز اور ترکی کی ایمرے کونک کی عقلی فلمز کے درمیان طے پایا تھا۔

واضح رہے یہ ایک ایسی ڈرامہ سیریز ہوگی جس کی جانب لوگ خود بخود ہی کھینچے چلے آئیں گے، یہ ڈرامہ سیریز ناصرف ترکی اور پاکستان کی ثقافت کو ایک دوسرے کے قریب لائے گی بلکہ اس سے عالمِ اسلام کی سچی ثقافت کو بھی دنیا بھر میں پیش کیا جائے گا تاکہ عالمِ اسلام کے خلاف دہشت گردی اور اسلامو فوبیا کی جس فضا کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، اسے دور کرنے میں مدد ملے اور دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے ساتھ ساتھ عالمِ اسلام کی سچی تصویر کشی کی جاسکے۔