خیبر پختونخوا: بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری

462

پشاور:  الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے ، پولنگ 19دسمبر کو ہو گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول میں کہا گیا ہے کہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 9نومبر جبکہ ان کی جانچ پڑتال 12نومبر تک ہو سکے گی۔ کاغذات نامزدگی منظوری یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 13سے 16نومبر تک کی جاسکیں گی۔

جاری شیڈول میں مزید بتایا کہ امیدواروں کی نظر ثانی فہرست 20نومبر کو جاری کی جاسکے گی جبکہ کاغذات نامزدگی 22نومبر کو واپس لئے جاسکیں گے۔انتخابی نشانات کی الاٹ منٹ 23نومبر کو ہو گی ، پولنگ 19دسمبر جبکہ نتائج کا اعلان 24دسمبر کو کیا جائے گا ۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول  کے مطابق اس دوران صوبے میں الیکشن کمیشن کے منظوری کے بغیر کوئی تقرری یا تبادلہ نہیں ہو سکے گا ۔ صدر ، وزیراعظم ، وزرائے اعلی ، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر ، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ ، وفاقی وصوبائی وزرا ، مشیر انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

شیڈول میں مزید بتایا کہ خیبر پختونخوا کے اضلاع مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک،  ڈی آئی خان ، بنوں ، ٹانک ، ہری پور ، خیبر مہمند ، چارسدہ ، ہنگو اور لکی مروت کے اضلاع میں ویلج کونسلز ، نیبرہوڈ کونسلز کے اراکین اور میئر یا چیئرمین کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی 4سے 8نومبر کو جمع کرائے جاسکیں گے ۔