ترک صدر کا امریکا، جرمنی سمیت 10 ممالک کے سفیروں کو ملک سے نکالنے کا حکم

615

انقرہ: ترک صدر طیب اردوان نے امریکا، جرمنی اور فرانس سمیت 10 ممالک کے سفیروں کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے انہیں نکالنے کا حکم دے دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنے وزیر خارجہ کو حکم دیا ہے کہ وہ جلد از جلد ان 10 سفیروں کو ’پرسونا نان گراٹا‘ یعنی ناپسندیدہ شخصیات قرار دیں، جنھوں نے غداری اور بغاوت کے مقدمات کاسامنا کرنے والے عثمان کوالا کی حمایت میں بیان دیا تھا اور انہیں رہا کرنے کی اپیل کی تھی۔

10 ممالک کے سفیروں نے ایک انتہائی غیر معمولی مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ انسانی حقوق کے رہنما عثمان کاوالا کی مسلسل حراست ترکی پر برے اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ انھوں نے عثمان کاوالا کی رہائی کی اپیل کی تھی۔ 64 سالہ عثمان کاوالا 2017 سے بغیر کسی سزا کے جیل میں ہیں۔ انھیں 2013  کے حکومت مخالف مظاہروں اور 2016 میں ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا ہے۔

ناپسندیدہ قرار دیے جانے والے ملکوں کے سفیروں میں جرمنی، امریکا، کینیڈا، فرانس، ڈنمارک، فن لینڈ، ہالینڈ، نیوزی لینڈ، ناروے اور سویڈن شامل ہیں۔ انہوں نے سفیروں پر ناشائستگی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انھیں ترکی کو جاننا اور سمجھنا چاہیے، جن سفیروں کو ترکی کی سمجھ نہیں آ رہی انھیں ملک چھوڑ دینا چاہیے۔