سی ایس ایس کا نصاب مسلسل نظراندازکیاجارہاہے، عبداحئی مدنی

224

کراچی (نمائندہ جسارت)این ای ڈی یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحئی مدنی نے کہا کہ سی ایس ایس کے امتحانات میں ناکامی کی ایک بڑی وجہ طلبہ کا سی ایس ایس کے نصاب اور مواد کو نظر انداز کرنا ہے،اکثر طلبہ جس شعبہ میں زیر تعلیم ہوتے ہیں وہ صرف اپنے نصاب اور مواد یا گریجویشن کو مد نظر رکھ کر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ سی ایس ایس کے امتحانات میں کامیابی حاصل کرلیں گے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ سی ایس ایس کے نصاب اور مواد کو مدنظر کر امتحانات کی تیاری کی جائے اسی صورت سی ایس ایس کے امتحانات میں کامیابی سے ہمکنارہوسکتے ہیں۔مقابلے کے امتحان میں کامیابی کے لیے مطالعے کا شوق ناگزیر ہوتاہے،مطالعے کے بغیرمقابلے کے امتحان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسٹوڈنٹس گائیڈنس کونسلینگ اینڈ پلیسمنٹ بیوروجامعہ کراچی کے زیر اہتمام سی ایس ایس امتحانات کی تیاری کے کورس میں داخلہ لینے والے نوارد طلبہ کے لئے کلیہ نظمیات وانتظامی علوم جامعہ کراچی میں منعقدہ تعارفی کلاس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی، رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹرنصرت ادریس،ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس گائیڈنس کونسلینگ اینڈ پلیسمنٹ بیورو جامعہ کراچی ڈاکٹر غزل خواجہ ہمایوںاور دیگر موجود تھے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ مقابلے کے امتحان(سی ایس ایس) کے حالیہ نتائج کے مطابق تحریری امتحان میں17240 میں سے محض 364 امیدوار کامیاب قرارپائے ۔کامیابی کی فقط 2.11 فیصد شرح ہمارے ملک کے تعلیمی نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ کسی بھی ملک کی ترقی میں اس کے اعلیٰ سرکاری افسران کا کلیدی کردار ہوتاہے جو قومی ضروریات کے مطابق پالیسیوںکی تشکیل اور ان پر عمل کرانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں ۔مقابلے کے امتحان کے ذریعے باصلاحیت اور زیرک افسران کا انتخابات کیاجاتاہے کیونکہ دیانت دار اور باصلاحیت افراد کی بدولت ہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔