کالعدم تنظیم احتجاج: شیخ رشید شارجہ سے وطن واپس پہنچ گئے

434

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ہنگامی طور بلانے پر وزر داخلہ شیخ رشید متحدہ عرب امارات سے وطن واپس پہنچ گئے، وہ گزشتہ روز پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے شارجہ گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق  وزیر داخلہ شیخ رشید گزشتہ روز دو روز کے لیے یو اے ای روانہ ہوئے تھے، روانگی کے وقت انہوں نے کہا تھا کہ خواہ وہ کلکتہ ہو، دبئی ہو، یا چنائی مجھے دو دن کی چھٹی ملی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے دبئی جا رہا ہوں، پاکستانی ٹیم اپنے سفر کا آغاز 24 اکتوبر کو بھارت کیخلاف میچ سے کرے گی مگر موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظروزیر اعظم عمران خان نےوزیر داخلہ کو وطن واپس بلا لیا ہے۔

میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید ہنگامی طور پر وطن واپس آگئے ہیں، وہ ائیربلیو کی پرواز پی اے 213 پر شارجہ سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

خیال رہے  کالعدم تنظیم کی جانب سے احتجاج کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم نے وزیرداخلہ شیخ رشید کو وطن واپس  بلایا ہے۔

یاد رہے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے گئے تھے، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 24 اکتوبر کو کھیلے گا جو رات 7 بجے شروع ہوگا۔