بنی گالہ کی طرح نسلہ ٹاور کو بھی ریگولرائز کیا جائے، حافظ نعیم کا مطالبہ

514

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ متبادل فراہم کیے بغیر کسی صورت  نسلہ ٹاور کو گرانے نہیں دیں گے،چیف جسٹس فیصلے پر نظر ثانی کریں، بنی گالہ کی طرح نسلہ ٹاور کو بھی ریگولرائز کیا جائے۔

وفاقی و صوبائی حکومتوں کی بے حسی کے خلاف اور نسلہ ٹاور کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی (پبلک ایڈ کمیٹی) کے تحت  قائم کیمپ میں متاثرین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نسلہ ٹاور کے متاثرین کے پاس تمام  حکومتی اداروں کی دستاویزات موجود ہیں، پھر کس بنیاد پر  نسلہ ٹاور کو گرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کیمپ میں نسلہ ٹاور کے متاثرین نے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ ایک ملک دو قانون نامنظور نامنظور، چیف جسٹس صاحب مہربانی کریں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

اس موقع پر متاثرین میں شامل بزرگ خاتون امینہ بیگم  اپنی گفتگو کے دوران شدت جذبات اور غم سے نڈھال ہو کر زمین پر گر گئیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  حکومت میں ہمت ہے تو عسکری فور میں واقع سینما و شادی ہال اور شاہراہ فیصل  پرفیلکن مال کو گرا ؤپھر عوام کو بے گھر کرو،مکینوں نے زندگی بھر کی جمع پونجی لگا کر گھر بنائے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سپریم کورٹ چیف منسٹر کو پابند کرے کہ نسلہ ٹاور کے متاثرین کو ان کے پیسے دیے جائیں، شہر میں متعدد مقامات پر ناجائز عمارتیں قائم ہیں اس کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں لاکھوں کیسز موجود ہیں جن کے فیصلے نہیں ہورہے، پیپلز پارٹی جو کراچی پر قبضہ کرنا چاہتی ہے وہ نسلہ ٹاور کے مسئلے پر کیوں سپریم کورٹ کے پاس نہیں جاتی۔