آپﷺ کے آنے کا مقصد دینِ اسلام کی ترقی اور فروغ تھا ،علما کرام

238

سجاول(نمائندہ جسارت) سیرت کمیٹی سٹی سجاول کی جانب سے دسویں سالانہ محفلِ ذکرِ محمدِ مصطفیﷺ 11 ربیع الاول کی شام بارویں کی شب 18 اکتوبر بروز پیر کو فاروق ِ اعظم چوک سجاول میں منعقد کی گئی جس میں حضرت علامہ علی شیر حیدری شہیدؒ کے بھائی حضرت علامہ ثنا اللہ حیدری ، پنجاب سے آئے ہوئے حضرت علامہ رفیق احمد عباسی، حضرت علامہ عبدالقادر حیدری، حضرت علامہ قاری مختار مستوئی، حضرت علامہ اظہرالدین نھڑیو پاکستان کے مشہور نعت خواں حافظ انیس الرحمٰن اور ارشاد احمد کاٹھوڑ نے شرکت فرمائی۔ پروگرام کا آغاز بعدِ نماز عشا ہوا جو رات دیر تک جاری رہاجبکہ دور دارز سے آئے ہوئے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ مقررین نے جلسہ کے عنوان کے مطابق حضور اکرمﷺ کی سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آپﷺ کے آنے کا مقصد دینِ اسلام کی ترقی اور فروغ تھا کہ یہ دین پوری دنیا میں پھیل جائے اور پوری دنیا میں اسلام کا بول بالا ہو۔ اس عالمگیر دین کو دنیا میں غالب کرنے کے لیے نبی ﷺ کے صحابہؓ پوری دنیا میں پھیل گئے ، آج ہم مسلمان ہیں تو یہ نبیﷺ کی رحمت اور صحابہ ؓ کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، نبیﷺ کے میلاد کا مقصد یہ نہیں کہ ہم عرس کریں چراغاں کریں خوشیاں منائیں بلکہ اصل مقصد دین پر عمل کرنا ہے ، نبیﷺ کے سچے عاشق اور سچے مسلمان وہ ہیں جو نبی کریم ﷺ کے فرمان پر عمل کرکے اپنی پوری زندگی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں پر گزارے۔