ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات 30 دسمبر کو ہوں گے

436

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے سالانہ انتخابات برائے2022 رواں سال کے اختتام پرجمعرات 30 دسمبرکو ہوں گے۔ ایف پی سی سی آئی کے الیکشن کے لیے باقاعدہ انتخابی شیڈول اور تین رکنی انتخابی کمیٹی کا اعلان کردیا گیا۔ کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر ہارون فاروقی الیکشن کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ سال2020 کے فیڈریشن چیمبر الیکشن کے لیے قائم کردہ تین رکنی انتخابی کمیٹی علی رحیم،شاہد وسیم اورارشدخورشید پر اپوزیشن میں موجود یونائٹیڈ بزنس گروپ کی جانب سے دھاندلی کے شدید الزامات عائد کیے گئے تھے تاہم سال 2022کے لیے قائم کردہ الیکشن کمیٹی میں صرف علی رحیم کو فارغ کیا گیا ہے اورہارون فاروقی کے ساتھ گزشتہ سال کی کمیٹی کے باقی دونوں اراکین شاہد وسیم اور ارشد خورشید بطور کمیٹی ممبران مقرر کیے گئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ نے کمیٹی کے دوممبران شاہد وسیم اورارشدخورشیدپر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔اس ضمن میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے صدر زبیر طفیل کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیٹی کے دو نوں ممبران جانب دار ہیں اوران پر گزشتہ سال انتخابی عمل میں دھاندلی کے سنگین الزامات ہیں،مذکورہ دونوں ممبران کمیٹی نے گزشتہ انتخابات میں مقابلہ برابر ہونے کے بعد بددیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سر بمہر ووٹ بی ایم پی کے امیدوار کے حق میں ڈال کر کامیاب قرار دیا تھا۔ یہ دونوں ممبران دھاندلی کے سبب اس وقت اعلیٰ عدالت میں مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں ۔