کراچی میں بھی جشن عیدمیلادالنبیؐ عقیدت و احترام سے منایا گیا

135

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی جشن عید میلاد النبیؐ عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس موقع پر محافلِ میلاد نعت اور محافل حسن و قرأت منعقد ہوئیں جب کہ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے شہر بھر سے سیکڑوں کی تعداد میں عید میلاد النبیؐ کے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے نشتر پارک پہنچیں۔ مرکزی جلوس امیر جماعت اہلسنت علامہ شاہ عبدالحق قادری و دیگر علمائے کرام کی قیادت میں بولٹن مارکیٹ سے شروع ہو کر نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے‘ پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، جلوس کو اسکائوٹس نے اپنے حصار میں لیا ہوا تھا۔ جلوس کے راستوں پر بلند و بالا عمارتوں پر حفاظتی چوکیاں قائم کی گئی تھیں جب کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی جارہی تھی۔ جلوس میںوزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی اور انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔