ریاست مدینہ میں کیا مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکلا کرتی ہیں، احسن اقبال

209

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ن لیگ میں قیادت کی کوئی جنگ نہیں اور میاں محمد نواز شریف قائد ہیں، کیا ریاست مدینہ میں مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکلا کرتی ہیں۔؟

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ایک چٹان کی طرح کھڑی ہے اور جماعتیں بیانیے کی جنگ سے کمزور نہیں بلکہ توانا ہوتی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں قیادت کی جنگ سے کمزور ہوتی ہیں تاہم ن لیگ میں قیادت کی کوئی جنگ نہیں اورمیاں محمد نواز شریف قائد ہیں، شہباز شریف سے لے کر ایک ایک کارکن تک سب ان کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ یہ جو بے تکی بحث چھیڑی جاتی ہے، یہ پی ٹی آئی کے میڈیا سیل کی اختراعات ہیں، پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ فیصلہ کن تحریک سے ان کو گھر بھیجیں گے اور اگر ان کو رخصت نہ کیا تو مسائل ناقابل حل ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ میں کیا مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکلا کرتی ہیں اور خودساختہ امیرالمومنین کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے ملنے والے تحفوں سے متعلق نہ پوچھا جائے۔

احسن اقبال نے خبردار کیا ہے کہ دسمبر میں گیس کا بدترین بحران آ رہا ہے لیکن حکومت کے توجہ بس جھوٹے مقدمے بنانے اور تسبیح ہاتھ میں پکڑ کر دونوں ہاتھوں سے لوٹنے پر ہے، پورا ملک معاشی واقتصادی بدحالی کا شکار ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ایک کرکے پاکستان کے قومی اداروں کو غیرفعال کیا گیا جبکہ پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلے بے توقیر ہو رہے ہیں جبکہ آئی جی، چیف سیکرٹریز، چیئرمین ایف بی آر کو بدلا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دفاعی ادارے کا 2 ہفتوں سے تماشا بنایا ہوا ہے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے لیکن دنیا ہنس رہی ہے، کوئی قومی ادارہ ان کی جہالت سے نہیں بچا ۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان تحریک انصاف کے ووٹرز خود رو رہے ہیں اور حکومت پیٹرول مہنگا کرکے مہنگائی کا ایٹم بم چلا رہی ہے لیکن حکمران عیش کررہے اورعوام مہنگائی سے جل رہی ہے۔

دوسری جانب انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ عمران خان مذہبی کارڈ کھیلتے ہیں اور یہ آئندہ الیکشن کوچرانا چاہتے ہیں، الیکشن ریفارمز اور نیب کے معاملے پر فواد چوہدری کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر کیا جواب دیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ کی سطح پرمذاکرات کئے لیکن حکومت نے ویٹو کردیا ہے جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی رپورٹس ن لیگی منصوبوں کے قصیدے پڑھ رہی ہیں اوران جھوٹے مقدموں کی حقیقت بھی عوام جان چکے ہیں۔