سکھرمیں عاشقان رسول ﷺ کی دریائے سندھ میں کشتی ریلی

209

سکھر( نمائندہ جسارت)سکھر میں عاشقان رسول کی دریائے سندھ میں کشتی ریلی، فضا درود وسلام سے گونج اٹھی، لبیک یا رسول اللہ کے نعرے، ریلی لب مہران سے روہڑی تک نکالی گئی۔ شرکا کی جانب سے صوفی بزرگ کے مزار پر حاضری دی گئی اور ملکی سلامتی استحکام اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں،جشن میلاد النبی کے سلسلے میں سکھر میں میلاد مصطفے کمیٹی کی جانب سے دریائے سندھ میں کشتیوں پرمحفل میلاد کا انعقاد کیا گیا اور کشتی ریلی نکالی گئی جو لب مہران سے شروع ہوئی اور روہڑی لینس ڈاؤن پل سے ہوتی ہوئی واپس لب مہران پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت جے یوپی کے مرکزی رہنما صاحبزادہ حامد محمود فیضی و دیگر نے کی ۔ریلی کے دوران شریک سیکڑوں عاشقان رسول نے دریائے سندھ کے عین وسط میں واقع صوفی بزرگ حضرت خواجہ خضر کے مزار پر بھی حاضری دی اورملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلیے خصوصی دعائیں کی۔ کشتی ریلی کے موقع پر دریائے سندھ کی فضا درود وسلام سے گونج اٹھی اور لبیک یارسول اللہ کے نعروں سے گونجتی رہی۔محفل میلاد کے دوران سکھر کے معروف نعت خوان گلہائے عقیدت پیش کرتے رہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جے یو پی کے مرکزی رہنما صاحبزادہ حامد محمود فیضی نے کہا کہ گزشتہ 6سال سے اسی طرح ہم دریائے سندھ کی فضا اور موجوں کو گواہ بناکر اپنے محبوب آقائے دوجہاں کی ولادت کا جشن مناتے ہیں کیونکہ آپ کی ولادت کا دن ہمارے لیے کسی عید سے کم نہیں ہے اور یہ دن ہمارے لیے باعث رحمت و برکت ہے۔