ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ: عالمی ریکارڈ میں مالنگا اور راشد خان کے ہم پلہ ہو گئے

490

ابوظہبی(سید وزیر علی قادری) آئرش بولر کورٹس کیمفر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں مسلسل 4 گیندوں پر 4 وکٹیں لینے والے دنیا کے تیسرے  بولر بن گئے، انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہالینڈ کے خلاف میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔

اس کے ساتھ ہی وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں 4 گیندوں پر4 وکٹیں لیکر منفرد عالمی ریکارڈ میں لاستھ مالنگا اور راشد خان کے ہم پلہ ہو گئے۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلے رائونڈ کے گروپ اے میچ میں آئرش  بولر کورٹس کیمفر نے ہالینڈ کے بلے بازوں کولن ایکرمان، ریان ٹین ڈزکاٹے اور اسکاٹ ایڈورڈز کو آئوٹ کر کے شاندار ہیٹرک مکمل کی جبکہ چوتھی گیند پر انہوں نے روئیلوف وانڈرمرو کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔

 اس کے ساتھ ہی کورٹس نے مسلسل 4 گیندوں پر 4 وکٹیں لینے والے دنیا کے تیسرے  بولر کا اعزاز اپنے نام کیا، اس سے قبل سابق سری لنکن فاسٹ  بولر لاستھ مالنگا اور افغانستان کے  اسپنر راشد خان بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ مالنگا نے 2019میں نیوزی لینڈ جبکہ راشد خان نے بھی 2019میں آئرلینڈ کے خلاف میچ میں یہ منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔