ہاتھ پائوں بندھی لاشوں سمیت 4 افراد جاں بحق ، 3 زخمی

271

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اتوار کو شہر میں ہونے والے مختلف حادثات واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے قتل ہونے والے ایک شخص کی ہاتھ پائوں بندھی لاش لوہے کے صندوق سے جب کہ ایک ہاتھ بندھی لاش خالی پلاٹ سے برآمد ہوئی دونوںپربدترین تشدد کیاگیا تھا۔تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل نرسری اسٹاپ کے قریب 60سالہ شوکت علی ولد لیاقت علی سڑک عبورکرتے ہوئے ایک تیز رفتار گاڑی کی زد میںآکر شدید زخمی ہوگیاحادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہوگیاجب کہ زخمی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، متوفی چنیسر ہالٹ کا رہائشی تھا، بلدیہ ٹائون تھانے کی حدود میں واقع اتحاد ٹائون محمد خان کالونی کے قریب ایک خالی پلاٹ سے 35سالہ عثمان ولد راغبستان خان کی ہاتھ پیر بندھی لاش برآمد ہوئی جس کو بدترین تشدد کر کے قتل کیا گیا۔سعدی ٹائون حکیم ولاز کے قریب نالے سے لوہے کے صندوق میں بند ایک35سالہ نامعلوم شخص کی ہاتھ پیر بندھی لاش برآمدہوئی،لا ش2روز پرانی ہے، مقتول کو بدترین تشدد کے بعدگولیاں مار کے قتل کیا گیاتھا،سہراب گوٹھ الآصف پل کے نیچے ٹریفک حادثے میں ایک50 سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا۔معمار علی محمد شیر گوٹھ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک 22سالہ خاتون ثوبیہ زوجہ ذوالفقار شدید زخمی ہوگئی نیشنل ہائی وے پر ملیر15 کے قریب مسلح ملزمان نے 45سالہ صدیق ولد غلام صادق سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی مزاحمت کرنے پراسے گولی مار کے زخمی کردیا ،شاہراہ نورجہاں تھانے کی حدود میںواقع نصرت بھٹو کالونی میںرہائشپذیر 10سالہ اذان ولد عمران نامعلوم سمت سے گھر کے اندر آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگیاجس کو فوری طور پراسپتال منتقل کردیاگیا ۔