لطیف آباد 6 میں پانی کی بوسیدہ لائنیں اپنی معیاد مکمل کرچکیں

258

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد کے معروف سماجی رہنما محمد نوید شیخ نے ایک بیان میں کہا کہ لطیف آباد نمبر چھے سمیت حیدآباد میں گزشتہ کئی برسوں پرانی نکاسی و پینے کے پانی کی بچھائی گئی لائنیں اس وقت کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے بچھائی گئی تھیں، ان میں سے بہت سی لائنیں اپنی معیاد مکمل کرچکی ہیں، ساتھ ہی ان پر آبادی بڑھنے کا بے پناہ دباؤ ہے۔ ان حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فی الفور لطیف آباد نمبر 6 سمیت حیدرآباد کی نکاسی اور پینے کے پانی کی لائنوں کو زیادہ گنجائش کے ساتھ تبدیل کیا جائے۔ ایچ ڈی اے واسا افسران کا غیر ذمے دارانہ رویہ اور صورتحال سے واقفیت نہ ہونے کی وجہ سے لطیف آباد یونٹ 6 سمیت دیگر علاقوں میں سیوریج لائنیں انتہائی بوسیدہ ہوجانے کی وجہ سے جگہ جگہ گٹر ابل رہے ہیں، جس کی وجہ سے شہری شدید ذہنی اذیت سے دوچار اور اپنے ذاتی خرچ پر سیوریج لائنیں صاف کرانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے وزیر بلدیات سندھ اور ڈی جی ایچ ڈی اے سمیت ذمے دار افسران سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے لطیف آباد یونٹ 6 میں سیوریج کی بوسیدہ لائنوں کو فوری زیادہ گنجائش والی لائنوں میں تبدیل کرنے کے ٹھوس اقدامات کریں اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں تاکہ علاقہ مکین کسی طور سکھ کاسانس لے سکیں۔