بلوچستان حکومت کے زیر اہتمام2 روزہ ویمن ایکسپو کا افتتاح

120

کوئٹہ ( نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر محکمہ ترقی نسواں حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام حب میں منعقدہ 2 روزہ ویمن ایکسپو کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں حکومت بلوچستان ظفر علی بلیدی نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کی ترقی پر خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے، صوبہ بھر میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہیلپ
سینٹر بھی قائم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان خواتین کی ترقی اور انہیں معاشی مواقع کی فراہمی میں ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں اس وقت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں خواتین مراکز قائم کیے جارہے ہیں جن میں بزنس سینٹرز، وویمن ہاسٹل، میڈیکل ایڈ، لیگل ایڈ اور کھیلوں کی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں جبکہ صنفی برابری کے لیے قانون سازی کا عمل بھی مکمل کیا جارہا ہے۔