“موجودہ حکومت کے آنے سے قوم کے لئے صرف برے دن آئے ہیں”

228

لاہور: مسلم لیگ( ن )کے صدر شہباز شریف نے وفاقی حکومت کی جانب سے ایک بار پھر بجلی مہنگی کرنے کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ فی یونٹ بجلی 1 روپے65پیسے مہنگی ہونا ظلم ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے صدر نے کہا کہ عوام پر مہنگائی، بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی مسلسل بجلیاں گرائی جارہی ہیں، موجودہ حکومت مہنگائی، کرپشن، نااہلی کی آسمانی بجلی بن کر قوم پر گری ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 3 سال سے زائد عرصے میں حکمرانوں نے عوام کو صرف مہنگائی در مہنگائی دی ہے، کھانے پینے کی اشیا تک ہر چیز کی قیمت میں اضافہ کرپشن اور نااہلی کا نہ ختم ہونے والاسلسلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  حکومت کا ہر فیصلہ قوم کے لئے ایک نیا برا دن لے کر طلوع ہورہا ہے، مہنگائی کا قہر برساتا سورج حکومت کے خاتمے سے ہی غروب ہوگا۔